عید میلاد النبی ﷺ

میلاد النبی یا عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ایک اسلامی تہوار اور خوشی کا دن ہے ۔ جو مسلمان انتہائی مذہبی عقیدت اور جوش وخروش کے ساتھ مناتے ہیں ۔

مسلمانوں کی کثیر تعداد بارہ ربیع الاول کو اپنے نبی حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت کا دن مناتے ہیں ۔ مسلمان اس دن بہت زیادہ خوشی کا اظہار کرتے ہیں اور اس دن کو عید کا نام دیتے ہیں ۔ کیونکہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم اسی تاریخ کو پیر کے دن دنیا میں تشریف لائے ۔

ویسے تو مسلمانوں میں محفل نعت کا انعقاد اکثر ہوتا رہتا ہے لیکن عید میلاد النبی کے دن مسلمان اپنے گھروں میں محفل نعت کا خصوصی انعقاد کرتے ہیں ۔ مساجد اور دیگر محافل میں نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پڑھی جاتی ہیں اور اللہ کے حضور شکر ادا کیا جاتا ہے کہ اللہ نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو ہماری رہنمائی کے لئے دنیا میں بھیجا ۔ مسلمان ان محفلوں میں انتہائی مذہبی عقیدت اور جوش وخروش کے ساتھ ثواب کی نیت سے شرکت کرتے ہیں ۔

یہ بھی پڑھیئے

جشن عید میلاد النبی ﷺ، حکومت کا ملک بھر میں قیدیوں کی 90 روز کی سزا معافی کا اعلان

محفلوں میں قاری حضرات ، نعت خواں اور خطیب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی حیات طیبہ کے بارے میں مسلمانوں کو آگاہ کرتے ہیں ۔ ان محافل میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے فضائل بیان کئے جاتے ہیں اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت بیان کی جاتی ہے ۔

اس دن مسلمانوں کی کثیر تعداد روزہ بھی رکھتی ہے کیونکہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے خود ہر پیر کو اپنی پیدائش کی خوشی میں روزہ رکھا ہے ۔

عید میلاد النبی کے موقع پر اکثر اسلامی ممالک میں عوامی جلوس نکالے جاتے ہیں ۔ سڑکوں ، گلیوں ، محلوں اور گھروں کو روشنیوں سے سجایا جاتا ہے ۔ ان جلوسوں میں بھی نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان بیان کی جاتی ہے، نعتیں پڑھی جاتی ہیں اور لوگوں میں کھانا تقسیم کیا جاتا ہے۔

12 ربیع الاول کے دن زیادہ تر اسلامی ممالک میں سرکاری طور پر تعطیل ہوتی ہے ۔

اللہ تعالی اس بابرکت دن کی بدولت نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان بیان کرنے کی بدولت ہمارے گناہ معاف فرمائے اور ہمیں دنیا اور آخرت میں سرخرو فرمائے۔

Leave a Reply