حضرت عثمان بن حنیف رضی اللہ تعالیٰ عنہ انصاری صحابی ہیں ۔ آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ حضرت سہل بن حنیف رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے بھائی ہیں ۔ آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو حضرت عمر فاروق اعظم رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے سواد عراق اور جہانیہ کا حاکم بنایا تھا۔
آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا نام عثمان رضی اللہ تعالیٰ عنہ ہے ۔ آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی کنیت ابو عمرو رضی اللہ تعالیٰ عنہ ہے ۔ آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ قبیلہ اوس سے ہیں ۔ حضرت عثمان بن حنیف رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا نسب نامہ یہ ہے ۔ حضرت عثمان رضی اللہ تعالیٰ عنہ بن حنیف ؛ بن واہب بن العکیم ، بن ثعلبہ بن حارث ؛ بن مجدعہ بن عمرو ، بن حنش بن عوف ؛ بن عمرو بن عوف ، بن مالک بن اوس ۔
حضرت عثمان رضی اللہ تعالیٰ عنہ اپنے برادر اکبر حضرت سہل بن حنیف رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے ساتھ ہی مسلمان ہوئے تھے ۔
غزوہ احد اور اس کے بعد کے تمام غزوات میں آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے شرکت فرمائی جب کہ امام ترمذی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ کے نزدیک آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ غزوہ بدر میں بھی شریک تھے ۔
حضرت امیر معاویہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے زمانہ خلافت میں حضرت عثمان رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے وصال فرمایا ۔