آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا نام عبد اللہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ ہے ۔ آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا سلسلۂ نسب یہ ہے ، حضرت عبد اللہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ بن طارق بن عمرو ؛ بن مالک ۔ آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ ہجرت کے بعد مشرف بہ اسلام ہوئے تھے ۔
آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے غزوہ بدر اور غزوہ احد میں شرکت فرمائی ۔ 3 ہجری کے آخر میں نبی کریم خاتم النبیین حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ واصحابہ وبارک وسلم نے جن 6 آدمیوں کو قبیلہ عضل و قارہ میں اشاعتِ اسلام کے لیے روانہ فرمایا تھا ان میں ایک عبد اللہ بن طارق رضی اللہ تعالیٰ عنہ بھی ہیں ، یہ لوگ مقام رجیع پہنچے تو قبیلۂ ہذیل نے سرکشی کرکے ان کا افراد کا محاصرہ کر لیا، حضرت مرثد بن ابی مرثد رضی اللہ تعالیٰ عنہ ، حضرت خالد بن بکیر رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور حضرت عاصم بن ثابت رضی اللہ تعالیٰ عنہ تین بزرگ وہیں لڑکر شہید ہوئے ۔
حضرت خبیب بن عدی رضی اللہ تعالیٰ عنہ ، حضرت عبد اللہ بن طارق رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور حضرت زید بن دثنہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کفار کے ہاتھ آ گئے اور پھر قید ہو گئے، کفار ان کو لے کر مکہ مکرمہ چلے تو ایک مقام پر پہنچ کر حضرت عبد اللہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے اپنے آپ کو قید و بند سے چھڑا لیا اورتلوار کھینچ کر پیچھے ہٹ گئے ،کفار نے یہ دیکھ کر آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو پتھر مارنا شروع کر دیئے ، جس سے آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ شہید ہو گئے ۔