عجائب گھر قصور

عجائب گھر قصور

پنجاب کا شہر قصور یوں تو کئی حوالوں سے مشہور ہے لیکن بابا بُلھے شاہ یہاں کی خاص پہچان ہیں۔ قصور کا پرانا نام قسو سے منسوب ہے جو رامائین کے مشہور ہیرو رام چندرا کا بیٹا تھا۔ قسوپور کا نام وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ تبدیل ہو کر قصور ہوگیا۔ قصور میوزیم قصور سے گنڈا سنگھ والا جاتے ہوئے سڑک کنارے واقع ہے ، جس کی منفرد عمارت تقسیم سے پہلے سب ڈویژنل مجسٹریٹ کا دفتر تھی ۔

اس کو قصور کے ثقافتی ورثہ کو محفوظ کرنے کے لیے مختص کیا گیا ۔
قصور میوزیم کی کل پانچ گیلریاں ہیں جن میں مختلف نوادرات بھی نمائش کے لیے رکھے گئے ہیں۔

آثارِ قدیمہ گیلری:
اس گیلری میں ”بن امیر خاتون” ضلع چکوال سے دریات شدہ قدیم درختوں اور ہڈیوں وغیرہ کے نمونے زیر نمائش ہیں ۔ ان نمونوں کی عمر کا تعین 80 لاکھ سے ایک کروڑ سال تک کیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ چکوال اور ہڑپہ کے دیگر تاریخی آثار کی کھدائیوں سے ملنے والے پکی مٹی کے برتن ، انسانی اور حیوانی مورتیاں باٹ اور اوزان کے پیمانے بھی زیر نمائش ہیں۔ گیلری میں گندھارا عہد کے متعلق ہندو دیوتائوں اور بدھا کے مجسّمے بھی رکھے گئے ہیں۔

سکہ جات گیلری:۔
اس گیلری کا دائرہ نہایت وسیع و عریض ہے ، جو پارتھی ، انڈویونی، کشان، ہندوستان، ابتدائی اسلامی، سکھ، مغل اور برطانوی عہد تک پھیلا ہوا ہے۔ اس کے علاوہ سکہ گیلری میں قیام پاکستان کے بعد 1948ء میں جاری ہونے والے ابتدائی ترین سکوں سے لے کر موجودہ عہد تک کے تمام سکے رکھے گئے ہیں۔

اِسلامی گیلری:
اسلامی گیلری کے 3 حصے ہیں ۔ پہلے حصے میں لکڑی کی کھدائی والا کام، صنائع دستی ، پچکاری، زیورات اور گھریلو استعمال کی اشیاء رکھی گئی ہیں ۔ دوسرا حصہ خطاطی اور مخطوطات پر مشتمل ہے۔اس میں مشہور خطاط حافظ مرتضیٰ افغان کے ہاتھ کا لکھا ہوا قرآن مجید، خط نسخ میں عزیز خان کشمیری صاحب کے ہاتھ کا لکھا ہوا مخطوطہ دلائل الخیرات خاص طور پر قابل ذکر ہیں ۔ خط نسعلیق کے کچھ نمونے بھی نمائش کے لیے رکھے گئے ہیں۔ تیسرا حصہ مسلم عہد اور اس کے بعد کے اسلحہ جات پر مشتمل ہے ، اس حصے میں خنجر ، تلواریں، چاقو، زرہ بکتر، پستول اور بندوقیں زیر نمائش ہیں۔

تحریک پاکستان گیلری:
اس گیلری میں طلبہ اور طالبات کو تحریک پاکستان کے اہم کرداروں اور تحریک آزادی سے روشناس کرانے کے لیے تحریک آزادی کی کہانی تصویروں کی زبان میں پیش کی گئی ہے۔

قصور کرافٹ گیلری:
قصور مدتوں سے لکڑی کی خوب صورت کھدائی کے کام، لکڑی پر روغنی کام، کھڈی سے تیار کی جانے والی مصنوعات اور چمڑے کے کام کے سلسلے میں مشہور ہے۔ قصور کا چارخانہ، دریاں ، کھیس، دریاں اور چمڑے کی زینیں (Saddles) دنیا بھر میں مشہور ہیں ۔ جن کی نمائندگی اس گیلری میں کی گئی ہے۔
دیکھنے میں تو یہ میوزیم ایک چھوٹا سا میوزیم ہے لیکن لاجواب شاہکاروں سے مزین ہے۔

ایبٹ میوزیم ایبٹ آباد

Leave a Reply