بادشاہ کو مشورہ دیا

وزیر خزانہ نے بادشاہ کو مشورہ دیا کہ

کسی ملک پر ایک نیک دل بادشاہ حکومت کیا کرتا تھا ۔ اس نے اپنا لنگرخانہ مخلوق خدا کے لیے ہر وقت کھول رکھا تھا ۔ اللہ کی مخلوق یہاں آتی ، کھانا کھاتی اور چلی جاتی ۔ ایک بار ایسا ہوا کہ بادشاہ کے وزیر خزانہ نے بادشاہ کو مشورہ دیا کہ بادشاہ سلامت اگر آپ نے لنگر خانہ ایسے ہی جاری رکھا تو ایک دن خزانہ ختم ہو جائے گا ۔ وزیر خزانہ نے بادشاہ کو لنگر خانہ بند کرنے کے بے شمار فوائد گنوائے ۔

بادشاہ کو بھی وزیرخزانہ کی بات مناسب لگی اور اس نے لنگر خانہ بند کردیا ۔ بادشاہ رات کو خواب میں سویا تو اس نے دیکھا کہ وہ اپنے خزانے کے پاس کھڑا ہے اور وہاں کچھ مزدور خزانے سے بوریاں بھر بھر کر محل سے باہر لے کر جا رہے ہیں ۔ بادشاہ نے ایک مزدور سے پوچھا کہ یہ خزانہ کہاں لے کر جا رہے ہو ؟ مزدور نے کہا کہ اب یہاں اس خزانے کی کوئی ضرورت نہیں رہی ۔ بادشاہ کو یہ خواب تین رات مسلسل آتا رہا ۔ بادشاہ پریشان ہو گیا ۔ اس نے ایک عالم کو بلایا اور اس سے اپنے خواب کی تعمیر پوچھی ۔

عالم نے بادشاہ کو بتایا کہ بادشاہ سلامت فوری طور پر اپنا لنگر خانہ کھول دیجئے کیونکہ آپ لوگوں میں اللہ کا دیا ہوا رزق تقسیم کرتے ہیں تو اللہ تعالی آپ کو مزید عطا کرتا رہتا ہے ۔ لیکن اگر آپ لنگر خانہ بند کر دیں گے تو آپ کنگال ہو جائیں گے ۔ بادشاہ کی سمجھ میں ساری بات آ گئی ۔ اس نے فورا لنگر خانہ کھولنے کا حکم دے دیا ۔

اب لنگر خانہ کھل گیا تو بادشاہ نے رات دوبارہ خواب دیکھا ۔ بادشاہ نے دیکھا کہ وہ اپنے خزانے کے پاس کھڑا ہے اور مزدور خزانے کی بوریاں بھر بھر کر باہر سے لا رہے ہیں ۔ بادشاہ نے پوچھا کہ اب یہ خزانہ واپس کیوں لا رہے ہو ۔ مزدور نے کہا کیونکہ اب پھر یہاں اس خزانے کی ضرورت پڑ گئی ہے ۔

ایک بات ہمیشہ یاد رکھیں کہ اللہ تعالی کی مخلوق میں تقسیم کرنے سے رزق گھٹتا نہیں بلکہ بڑھتا ہے ۔ اس لیے اگر اپنا رزق بڑھانا چاہتے ہیں ، اگر اپنے مال میں اضافہ کرنا چاہتے ہیں تو اللہ تعالی کے ساتھ تجارت شروع کر لیں ۔ آپ اس کی مخلوق کو دیں تو وہ بدلے میں آپ کو اس سے بھی زیادہ اور بہتر عطا کرے گا ۔ کیونکہ اللہ تعالی کے ساتھ تجارت کرنے میں خسارہ نہیں ہوتا ۔

یہ بھی پڑھیں
ایک بادشاہ کی اعلی ظرفی

2 تبصرے “وزیر خزانہ نے بادشاہ کو مشورہ دیا کہ

Leave a Reply