کسی جنگل میں ایک ہرن اور ایک گھوڑا رہا کرتے تھے۔ایک مرتبہ کسی بات پر دونوں میں جھگڑا ہو گیا اور یوں دونوں دوست ایک دوسرے سے دور بیگانوں کی طرح رہنے لگ پڑے ۔
ایک دن گھوڑے نے جنگل میں ایک شکاری کو دیکھا تو گھوڑے نے سوچا کہ ہرن سے انتقام لینے کا اچھا موقع ہے ۔ وہ شکاری کے پاس گیا اور اس سے پوچھا:”کیا تم کسی ہرن کو شکار کرنے کے لیے آئے ہو؟“
شکاری نے کہا :”ہاں!“
گھوڑے نے شکاری سے کہا:”میں تمہیں ایک خوب صورت ہرن کا ٹھکانہ بتا سکتا ہوں۔
شکاری دل ہی دل میں بے حد خوش ہوا یعنی 1 تیر سے 2 شکار۔اس نے گھوڑے سے کہا کہ :”اگر تم میری مدد کرو تو کیا ہی بات ہو گی ، کیا میں تمہاری پیٹھ پر بیٹھ کر ہرن کو پکڑ سکتا ہوں ؟“گھوڑا فوراً اس بات پر راضی ہو گیا۔
شکاری نے گھوڑے سے کہا کہ ، ”اگر تمہیں تکلیف نہ ہو تو میں تمہارے منہ میں لگام ڈالنا چاہتا ہوں؟“
گھوڑے نے اس سے پوچھا:”اس سے کیا فائدہ ہو گا؟“
شکاری نے فوراً کہا:”جیسے ہی مجھے ہرن نظر آئے گا میں تمہاری لگام اس کی طرف موڑ دوں گا۔
آخرکار شکاری نے گھوڑے کو لگام ڈال ہی دی اور گھوڑے کو زور سے کھینچا ۔ ہرن کے ٹھکانے پر پہنچ کر شکاری نے گھوڑا ہرن کے پیچھے دوڑایا۔کچھ دور جا کر ہرن نڈھال ہو گیا اور یوں شکاری نے ہرن کو گولی مار دی ۔ اس دن گھوڑے کا انتقام تو پورا ہو گیا مگر وہ خود آج تک اسی لگام سے بندھا ہوا غلامی کی زندگی گزار رہا ہے ۔