ابن وہب نے حدیث روایت کی ہے مفہوم ہے کہ حضرت ابو سفیان بن حرب رضی اللہ عنہ اور حضرت صفوان بن امیہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا بھی بھیڑیے کے ساتھ واقعہ پیش آیا۔ ان دونوں حضرات نے دیکھا کہ ایک بھیڑیا ہرن کو پکڑنے کے لیے اس کے پیچھے بھاگ رہا ہے۔ پس ہرن حرم پاک میں داخل ہو گیا تو بھیڑیا بھی واپس مڑ گیا (اور حرم میں داخل نہیں ہوا)۔
اس پر ان دونوں حضرات نے اس سے بڑا تعجب کیا تو بھیڑیے نے کہا کہ اس سے بھی عجیب تر بات یہ ہے کہ محمد بن عبد اﷲ( صلی اللہ تعالیٰ علیہ و آلہ واصحابہ و بارک وسلم ) مدینہ منورہ میں تمہیں جنت کی طرف بلا رہے ہیں اور تم ان کو دوزخ کی طرف بلاتے ہو۔ اس پر حضرت ابو سفیان رضی اللہ عنہ نے کہا: اگر تو یہ بات مکہ میں کہتا تو ضرور مکہ شریف میں رہنے والوں کو خالی گھروں والا کر دیتا (یعنی وہ یہ معجزہ دیکھ کر مدینہ منورہ میں حضور نبی اکرم صلی اللہ تعالیٰ علیہ و آلہ واصحابہ و بارک وسلم کی خدمت میں چلے جاتے)