علی سدپارہ، جو کہ اپنے ملک کا نام روشن کرنے کیلیے مہم جوئی کے دوران ہم سے بچھڑ گئے، اللہ پاک ان کے درجات بلند فرمائے، آمین۔ میں ان کی شخصیت کے بارے میں زیادہ نہیں جانتی لیکن ٹی وی پر ان کے لاپتہ ہوجانے اور پھر مبینہ طور پر دار فانی سے کوچ کرجانے کی خبر معلوم ہوئی اور بہت افسوس ہوا۔
کس قدر المیہ ہے کہ پاکستان کے اس ہونہار سپوت کے متعلق میں کچھ نہیں جانتی۔ مگر نہیں، میں ایسی کم علم بھی نہیں، میں ٹی وی دیکھتی ہو، روز سوشل میڈیا کے ہر پلیٹ فارم کو کنگھالتی ہوں۔ مجھے اس کی خبر شاید اس لیے نہیں ہوسکی کیونکہ ہفتوں سے تو میرے ملک میں ” پارری ہورہی ہے” ۔
سد پارہ نے تو ایسی کوئی کام نہیں کیا تھا کہ ہم ہفتوں ان کو ورد زبان رکھتے۔
ہاں البتہ مجھے یہ اچھی طرح معلوم ہے کہ کرینہ کپور کب کب اپنے بچے کی ولادت کے سلسلے میں ڈاکٹر کے کلینک جاتی رہی۔ مجھے یہ خبر بھی ہے کہ ہماری وائرل “پارری ہورہی ہے” ویڈیو نے ہمسایہ ملک میں کتنی ہلچل مچا دی ہے۔ کیا ہماری یہ کامیابی ، چھوٹی کامیابی ہے؟
یہاں تک کہ میں ٹک ٹاکرز کی لمحہ لمحہ بھر کی مصروفیات سے بھی آگاہ ہوں۔ بس میں ملک کے نامور لوگوں کو فراموش کرچکی ہوں۔ ایسا نہیں ہے کہ میں کم علم ہوں۔۔۔
میری ترجیحات مختلف ہیں۔