بچے میں اعتماد کیسے پیدا کریں؟ : ثمینہ محمدیہ

بذریعہ Hasnain
373 مناظر

سب والدین یہ چاہتے ہیں کہ ان کا بچہ زندگی کی دوڑ میں آگے ہو لیکن ایسا تبھی ممکن ہے جب بچے میں آگے بڑھنے کی صلاحیت کے ساتھ ساتھ بھرپور اعتماد بھی ہو. اگر بچہ با اعتماد ہوگا تو وہ اپنی کوشش اور محنت کے ساتھ یقیناً کامیابی کی سیڑھیاں چڑھتا چلا جائے گا.

بچے میں اعتماد پیدا کرنے میں والدین اور اساتذہ کا ہاتھ سب سے زیادہ ہوتا ہے. والدین اور اساتذہ ہی بچے کا اعتماد ختم کر سکتے ہیں اور والدین و اساتذہ ہی بچے میں اعتماد لا سکتے ہیں.

آج ہم اس حوالے سے بات کریں گے کہ والدین کس طرح سے بچوں میں اعتماد پیدا کر سکتے ہیں. سب سے پہلے والدین کو چاہیے کہ بچے کی اس کے چھوٹے چھوٹے کاموں کی اچھائی کی وجہ سے اس کی حوصلہ افزائی کریں. اگر بچہ کسی معاملے، کسی کوشش میں وقتی طور پر ناکام بھی ہو جاتا ہے تو والدین اس کی ہمت بڑھائیں. اس کی کوشش اور محنت کی داد دیں.

والدین کو چاہیے کہ چھوٹے چھوٹے کاموں اور گھر کی سجاوٹ وغیرہ کرتے وقت بچوں سے ان کی رائے لیں. بچوں سے مشورہ کریں. بچے کی پسند اور ناپسند کا خیال رکھیں.

بچہ اگر کسی مسئلے میں پھنس گیا ہے یا اس سے کوئی کام ٹھیک طرح سے نہیں ہو رہا تو بچے کو اپنے مسئلے کا حل خود نکالنے دیں. بچوں کی نگرانی ضرور کریں لیکن حل بچے کو خود نکالنے دیں. اس سے بچہ مستقبل کی مشکلات کا حل نکالنے کے قابل ہو جائے گا.

بچے کو بچہ ہی رہنے دیں. اس سے بڑوں والی توقعات نہ رکھیں. بچہ شرارتیں بھی کرے گا، کھیل کود میں چیزیں بھی الٹے پلٹے گا اس لیے بچے کو بات بات پر بلاوجہ روک ٹوک نہ کریں.

بچہ کسی معاملے میں والدین سے کوئی سوال کرے تو بچے کو ڈانٹ کر چپ کروانے کی بجائے بچے کو اس کے سوال کا تسلی بخش جواب دیں.

بچوں سے ان کی الماری اور کمرہ خود ٹھیک کروائیں. کبھی کبھار پودوں کی دیکھ بھال کا بھی کام دیں اس سے بچہ اپنی ذمہ داریاں سمجھے گا.

بچے پر تنقید ہرگز نہ کریں. اس اگر بچے سے کچھ غلط ہو جائے تو اسے پیار سے سمجھائیں. اگر بچہ کسی معاملے میں ناکام ہو جائے تو تنقید کی بجائے آگے بڑھنے میں بچے کی راہنمائی کریں.

ہر بچے میں اللہ نے مختلف صلاحیتیں رکھی ہوتی ہیں. اس لیے اپنے بچے کا دوسروں کے ساتھ موازنہ نہ کریں بلکہ اپنے بچے کی صلاحیتوں کو پہچانیں اور ان صلاحیتوں کے ساتھ بچے کو آگے بڑھنے دیں کیونکہ کتابی کیڑا بننا کبھی بھی مستقبل میں کامیابی کی ضمانت نہیں ہوتا.

Related Articles

Leave a Reply