موٹاپے سے نجات دلائے

ورزش جو آپ کو موٹاپے سے نجات دلائے

بڑھتی عمر کے ساتھ ساتھ موٹاپے کا شکار ہو جانا یا وزن کا بڑھ جانا بھی زندگی کو دشوار بنا دیتا ہے ۔ موٹاپے کا شکار ہو جانے کے بعد اس کے سدباب کے لیے بہت سارے جتن کرنا پڑتے ہیں لیکن مستقل مزاجی نہ ہونے کے باعث موٹاپا جان نہیں چھوڑتا ۔ اگر آپ کا وزن بھی زیادہ ہے تو یہ آپ کی ہڈیوں، جوڑوں اور پٹھوں پر بھی دباؤ ڈال کر ان کو تناؤ کا شکار کر سکتا ہے لہٰذا یہ بات انتہائی ضروری ہے کہ ورزش کو اپنا معمول بنا لیا جائے تاکہ نہ صرف ظاہری طور پر آپ فٹ رہیں بلکہ آپ کی اندرونی صحت بھی مستقل طور پر برقرار رہے گی ۔ آج ہم آپ کو بتاتے ہیں کہ کون سی ورزش آپ کے لیے موٹاپا کم کرنے کے لیے فائدہ مند ہو گی ۔ جو آپ کے جوڑوں اور پٹھوں میں لچک پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ ان کو طاقت ور بھی بنائے ۔

اگر تو آپ نے وزن کو کم کرنے کے لیے ابھی ابھی کوئی ورزش شروع کی ہے تو پھر چہل قدمی اس ورزش کا بہترین طریقہ ہے ۔ چہل قدمی جسم میں خون کی گردش کو بڑھا دیتی ہے جس سے پھیپھڑوں کی صلاحیت میں بھی اضافہ ہوتا ہے اور جسم میں بہت سے دیگر افعال کو بھی بہترین بنانے میں مدد ملتی ہے ۔ اس سے وزن انتہائی تیزی سے کم ہونا شروع ہو جاتا ہے ۔

جاگنگ کرنا چہل قدمی کے مقابلے میں وزن کو کم کرنے کے لیے زیادہ مؤثر اقدام ہوتا ہے ۔ لیکن جاگنگ کو آہستہ آہستہ اپنے معمول میں شامل کرنا چاہئے ۔ ورنہ یہ آپ کے جوڑوں اور ٹانگوں میں تناؤ کا باعث بن سکتی ہے۔ اپنے جسم کی لچک اور طاقت کو آہستہ آہستہ بڑھانا ضروری ہوتا ہے نا کہ ایک دم ورنہ فائدے کے بجائے نقصان بھی ہو سکتا ہے ۔

اسٹیشنری سائیکل بھی جسمانی لچک اور طاقت کو بغیر کسی دباؤ کے بڑھا دیتی ہے اور یہ وزن کم کرنے کا انتہائی بہترین طریقہ ہے۔ چونکہ اسٹیشنری سائیکل کو اپنی سہولت کے مطابق روکا جا سکتا ہے ۔اس لیے یہ سائیکل چلانے کا ایک صحت مند متبادل ذریعہ بھی ہے۔

مختلف ورزشیں کرنا جیسا کہ پش اپس لگانا ، سکواٹس وغیرہ زیادہ وزن کے حامل افراد کے لیے شروع میں اس طرح کی ورزشیں بہت تکلیف دہ ہوتی ہیں لیکن اگر انہیں ہم اپنے معمول کا حصہ بنا لیں تو پھر وزن میں حیرت انگیز طور پر کمی دیکھنے میں آتی ہے۔

تیراکی کرنا ابتدائی طور پر وزن کم کرنے کے بہترین طریقوں میں سے ایک طریقہ ہے ۔

یوگا بھی وزن کم کرنے کا ایک انتہائی بہترین اور مقبول طریقہ ہے ۔ یوگا کے بے شمار طبی فوائد ہیں ۔ یوگا ذہنی طور پر پُرسکون رکھنے میں بھی مدد فراہم کرتا ہے۔ جدید دور میں ذہنی اور جسمانی طور پر چاک و چوبند رہنے کے لیے یوگا جیسی ورزشوں کو بہترین ورزشیں سمجھا جاتا ہے۔

ہمیشہ یہ بات یاد رکھیں کہ باقدعدگی سے ورزشیں کرنے اور مصروف رہنے سے ہی وزن میں نمایاں کمی واقع ہوتی ہے ۔

مشروبات کو ہمیشہ گھونٹ کھونٹ کر کے پئیں ۔ ہر بار کھانا کھانے سے پہلے پانی ضرور پئیں لیکن کھانا کھانے کے بعد کوشش کریں کہ آدھا گھنٹہ یا 1 گھنٹہ بعد ہی پانی پئیں۔

اس کے علاوہ کھانے کے ساتھ ساتھ سلاد کو بھی اپنی خوراک کا لازمی حصہ بنانا چاہئے۔ سلاد ہمیشہ کھانے سے پہلے کھائیں کیوں کہ سلاد کھانے کو ہضم کرنے میں مدد دیتا ہے ۔

یہ بھی پڑھیں
موٹاپا کم کرنے کے سنہرے اصول

Leave a Reply