کراچی (ھم دوست نیوز)رینجرز نے پولیس یونیفارم پہن کر وارداتیں کرنے والے سٹریٹ کریمنل اور جعلساز کو گرفتار کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان رینجرز (سندھ) اور پولیس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کراچی کے علاقے گلستان جو ہر میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے متعدد جرائم میں ملوث انتہائی مطلوب ملزم سید محمد منصور عرف لمبا کو گرفتار کر لیا،ملزم کا تعلق ایم کیو ایم لندن سے ہے،ملزم کے قبضے سے اسلحہ، ایمونیشن، پولیس یونیفارم اور دیگر مسروقہ سامان بر آمد کرلیا گیا ہے۔ دوران تفتیش ملزم سید محمد منصور عرف لمبا نے اعتراف کیا کہ وہ کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس یونیفارم پہن کر سٹریٹ کرائم، بھتہ خوری، جعل سازی کر کے لاکھوں روپے لوٹنے، فلیٹوں اور پلاٹوں پرقبضہ کروانے کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہے۔ گرفتار ملزم کو بمعہ اسلحہ، ایمونیشن اور مسروقہ سامان سمیت قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔