ملک بھر میں پٹرولیم مصنوعات کی قلت پیدا ہونے کا امکان

اسلام آباد (ھم دوست نیوز) کے پی ٹی میں آئل پیئرز کی خستہ حالی کی وجہ سے ملک بھر میں پٹرولیم مصنوعات کی قلت پیدا ہونے کا امکان ہے۔ سیکرٹری پٹرولیم ڈویژن کا اس ضمن میں کہنا ہے کہ اوکیک نے صورت حال سے بذریعہ خط آگاہ کیا ہے،جب کہ بائیکو ریفائنری نے صورتحال سے نمٹنے کیلئے پرپوزل بھیجا ہے۔ تفصیلات کے مطابق، آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل (اوکیک) نے خطرے کی گھنٹی بجادی ہے۔ اس نے حکومت کو آگاہ کیا ہے کہ کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) میں آئل پیئرز کی خستہ حالی سے پٹرولیم مصنوعات بالخصوص خام تیل اور موگاس (پٹرول) کی درآمدی سپلائی چین بری طرح متاثر ہوسکتی ہے، جس کے نتیجے میں ممکنہ طور پر ملک بھر میں خام تیل اور پٹرول کی قلت پیدا ہوسکتی ہے۔ 25 مئی، 2021 کو وزیر توانائی حماد اظہر اور سیکرٹری پٹرولیم ڈویژن ڈاکٹر ارشد محمود کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ اوکیک، ڈائون اسٹریم پٹرولیم کمپنیوں کی ایما پر وزارت توانائی کی فوری مداخلت چاہتا ہے۔ خط میں درخواست کی گئی ہے کہ ان مسائل کو فوری طور پر وزارت بحری امور کے ساتھ اٹھاکر حل نکالا جائے اور کے پی ٹی انتظامیہ کے خلاف کارروائی کی جائے جو کہ تینوں آئل پیئرز کو برقرار رکھنے میں ناکام ہوئی ہے۔ اس ضمن میں جب سیکرٹری پٹرولیم سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے اس پیش رفت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ پٹرولیم ڈویژن کو اس ضمن میں اوکیک کی جانب سے خط موصول ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بائیکو ریفائنری نے بھی اس صورت حال سے نمٹنے کے لیے اپنا پرپوزل بھیجا ہے۔

Leave a Reply