1 / 1 – خود کو جمہوری کہنے والے فوج کو حکومت گرانے کا کہتے ہیں.jpg

“خود کو جمہوری کہنے والے فوج کو حکومت گرانے کا کہتے ہیں”

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہےکہ اپوزیشن این آر او کے لیے کہتی ہے کہ حکومت گرادیں گے اور خود کو جمہوری کہنے والے فوج کو حکومت گرانے کا کہتے ہیں۔

وزیراعظم نے لودھراں تا ملتان شاہراہ کی اپ گریڈیشن وبحالی منصوبے کا افتتاح کردیا۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ’جیسے ہی ہم حکومت میں آئے توکہا گیا کہاں ہے نیا پاکستان؟ لیکن ہم نے ڈھائی سال صبر سے گزارا، میڈیا نے بھی تاثر دیا کہ بٹن آن کرکے نیا پاکستان بن جائیگا جب کہ اپوزیشن نے بھی این آر او کے لیے ڈرامہ کیا اور تنقید کی، یہ میرے، میری ٹیم اور عوام کے لیے سبق ہے کہ معاشرے میں تبدیلی جدوجہد سے آتی ہے‘۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’1947 کے بعد ملک کا نظام بدلنے اور مافیا سے خود کو آزاد کرانے کے لیے بہت بڑی جدوجہد چل رہی ہے، ہر جگہ مافیا ہے جو چاہتی ہے حکومت ناکام ہو تاکہ وہ فائدہ اٹھا سکے، اس وقت پاکستان کی تاریخ کی سب سے اہم جدوجہد ہے جو قانون کی حکمرانی کی جدوجہد ہے، معاشرہ اسی سے بدلتا ہے جب طاقتور قانون کے نیچے آتا ہے، اس سے خوشحالی آتی ہے، دنیا میں کوئی بھی ملک دیکھ لیں، وہاں کوئی قبضہ مافیا، چینی مافیا یا سیاسی مافیا نہیں‘۔

Leave a Reply