نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹرنے بتایا ہے کہ 1دن میں 47 افراد کرونا وائرس کے باعث انتقال کرگئے۔ان میں سے 16 مریضوں کا انتقال وینٹیلیٹر پر ہوا۔
جمعہ کو این سی او سی نے بتایا کہ 24 گھنٹوں میں 1 ہزار 303 نئے کرونا کیسز رپورٹ ہوئے۔ ملک میں مثبت کرونا کیسز کی شرح 3.21 فیصد ہے۔کرونا کے باعث سب سے زیادہ پنجاب میں 21 اموات اور سندھ میں 13 اموات ہوئیں۔ خیبرپختونخوا میں 9 اموات ہوئیں۔ان کے علاوہ اسلام آباد میں 1، آزادکشمیر میں 1، گلگت 1 اور بلوچستان میں 1 مریض کا کرونا وائرس سے انتقال ہوا۔ملک میں کرونا سے مجموعی اموات کی تعداد 21 ہزار 576 ہوگئی ہے۔
این سی او سی نےبتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 40 ہزار 483 ٹیسٹ کئے گئے۔کرونا کےفعال کیسز کی تعداد 43 ہزار 618 ہوگئی ہے۔کرونا وائرس سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 8 لاکھ 73 ہزار 543 ہے۔ ملک بھر میں کرونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 9 لاکھ 38 ہزار 737 تک پہنچ گئی ہے۔
اس وقت 3 ہزار 94 مریض ملک کے 639 اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔پشاور میں 22 فیصد، ملتان میں 44 فیصد،لاہور میں 26 فیصد، بہاولپورمیں 24 فیصد وینٹیلیٹرز بھر چکے ہیں۔ کراچی میں 28 فیصد، پشاور میں 27 فیصد، ملتان میں 28 فیصد اور گلگت میں 30 فیصد آکسیجن بیڈز پر مریض موجود ہیں۔
جمعرات کو وفاقی وزارت صحت نے فائزر ویکیسن لگنے کے حوالے سےحکمت عملی سےمتعلق وضاحت کردی ہے۔
ترجمان وزارت صحت نے بتایا ہے کہ کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے فائزر ویکسین کم قوت مدافعت والے افراد کو ہی لگائی جائے گی۔ یہ فیصلہ کوویکس کےساتھ معاہدے کو مدِ نظر رکھتے ہوئےکیا گیا ہے۔
وفاق نے کرونا وائرس سے بچاؤ کی فائزرویکسین صوبوں کو فراہم کرنا شروع کردی ہے۔ معاونِ خصوصی برائےصحت ڈاکٹر فیصل سلطان کے مطابق فائزر ویکسین ملک کے 15 شہروں میں صرف کمزور قوت مدافعت والے افراد کو لگائی جائے گی۔
پاکستان کو اب تک 1 لاکھ 6 ہزار ڈوز مل چکی ہيں۔ ان میں سے پنجاب کو 26 ہزار،سندھ کو 12000، خیبرپختونخوا کو 8 ہزار جبکہ بلوچستان کو 2000 فائزر ويکسين کی ڈوز ملیں گی۔ اسلام آباد، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کو ایک ایک ہزار ڈوزز دی جائيں گی۔
ڈاکٹر فیصل سلطان نے بتایا کہ فائزر ویکسین فل حال سرکاری ویکیسینشن سینٹر پر دستیاب ہوگی اور حکومت جلد مزيد ويکسین کی خريداری بھی کرے گی۔