فرنچ اوپن ویمنزٹائٹل: پاؤلیو چنکووا، باربورا کراجیسکووا مدمقابل

فرنچ اوپن ویمنزٹائٹل: پاؤلیو چنکووا، باربورا کراجیسکووا مدمقابل

فرنچ اوپن کی خواتین کیٹیگری میں نئی چیمپئن کی روایت برقرار ہے۔ گزشتہ تین برسوں سے نئی کھلاڑی رولینڈ گیروس کی کلے کورٹ پر ٹائٹل جیت رہی ہے۔ ہفتہ کو پیرس کے رولینڈ گیروس کی سرخ کلے کورٹ پر ویمنز سنگلز ٹائٹل کیلئے روس کی انستاسیا پاؤلیو چنکووا اور جمہوریہ چیک کی باربورا کراجیسکووا کے مابین مقابلہ ہوگا۔ دونوں کھلاڑی اپنی زندگی میں پہلی بار کسی گرینڈ سلام ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچی ہیں۔ پولش کھلاڑی اور دفاعی چیمپئن ایگا سواٹیک کوارٹر فائنل میں شکست سے ہو گئی تھی۔ 1978کے بعد یہ پہلا اور گرینڈ سلام اوپن ایرا کی تاریخ میں دوسرا موقع تھا کہ چاروں خواتین پہلی بار سیمی فائنل میں پہنچی تھیں۔

دنیائے ٹینس میں 14 برسوں کی محنت بالآخر رنگ لے آئی۔ روس سے تعلق رکھنے والی 29 سالہ انستاسیا پاؤلیو چنکووا نے فرنچ اوپن کے سیمی فائنل میں عالمی نمبر 85 سلووینا کی 23 سالہ تمارا زیڈانسک کو 7-5، 6-3 سے زیر کرکے اپنے کیریئر میں پہلی مرتبہ گرینڈ سلام فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا۔ انہوں نے اپنی ہی طرح پہلی مرتبہ گئرینڈ سلام سیمی فائنل میں رسائی کرنے والی تمارا زیڈانسک کے خلاف شاندار کھیل پیش کیا۔ پاولیو چنکووا چھ برس بعد کسی بھی گرینڈ سلام فائنل میں پہنچنے والی پہلی روسی کھلاڑی ہے۔ آخری بار روسی کھلاڑی ماریہ شراپووا2015 کے آسٹریلین اوپن فائنل میں پہنچی تھی جہاں سرینا ولیمز نے روسی ساحرہ کو زیر کر لیا تھا۔ ماریہ شراپووا فرنچ اوپن جیتنے والی آخری روسی کھلاڑی تھی جنہوں نے 2014 میں فائنل میں رومانیہ کی سیمونا ہالیپ کوہرایا تھا۔

پہلے سیمی فائنل کے برعکس ماریہ سکاری اور کراجیسکووا کے مابین دوسرا سیمی فائنل اعصاب کی جنگ تھا۔ دونوں کھلاڑی جیت کے جذبے کے ساتھ کورٹ میں اتری تھیں۔ کراجیسکووا کے مقابلے میں ماریہ سکاری کو سنگلز میں برتری حاصل تھی لیکن باربورا کراجیسکووا نے اپنے ڈبلز کے تجربے کا بھرپور استعمال کیا اور سکاری کیلئے سخت جاں حریف ثابت ہوئی۔ کراجیسکووا نیبے مثال کارکردگی پیش کرتے ہوئے تین سیٹ کے جاں گسل مقابلے میں 7-5,4-6,9-7 سے شکست دے کر پہلی مرتبہ گرینڈ سلام سنگلز فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ یہ فرنچ اوپن کی تاریخ کے بہترین سیمی فائنلز میں سے ایک تھا۔ پورے میچ میں صورت حال ڈرامائی طور پر بدلتی رہی۔ تیسرے سیٹ میں انتہائی سخت مقابلہ ہوا۔ ماریہ سکاری نے چار میچ پوائنٹ جبکہ کراجیسکووا نے ایک میچ پوائنٹ بچایا تھا۔ دونوں کھلاڑیوں نے لمبی ریلیز کھیلیں اور کورٹ کے چاروں جانب شاٹس کھیلے۔

اس ٹورنامنٹ سے قبل سنگلز میں کراجیسکووا کا ریکارڈ کوئی خاص نہیں ہے وہ گزشتہ سال فرنچ اوپن کے چوتھے راؤنڈ میں ارجنٹینا کی نادیہ پوڈروسکا کے ہاتھوں شکست کھا گئی تھی جبکہ پچھلے دو سال سے وہ آسٹریلین اوپن کے دوسرے راؤنڈ میں ناکام ہورہی ہے۔ ومبلڈن اوریو ایس اوپن سنگلز میں وہ کوالیفائنگ راؤنڈ سے آگے نہیں بڑھ سکی۔

روسی کھلاڑی پاؤ لیو چنکووا جونیئر ٹینس میں شاندار ریکارڈ کی حامل رہی ہے لیکن سینیئرسطح پر وہ اپنی اس فاتحانہ کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر سکی تھی لیکن اس بار فرنچ اوپن میں سیڈڈ کھلاڑیوں کی شکست نے اس کیلئے راستہ ہموار کر دیا۔ پاؤلیو چنکووا نے سیمی فائنل میں حریف کھلاڑی کے خلاف اپنے تجربے کو استعمال کیا اور اپنے جارحانہ شاٹس کے سامنےاسے ہتھیار ڈالنے پر مجبور کردیا۔ زیڈانسک نے پہلے سیٹ میں پاؤلیو چنکووا کا جم کر مقابلہ کیا تھا۔ پاؤلیو چنکووا اس سے قبل چھ مرتبہ گرینڈ سلام سیمی فائنل کھیلنے کا اعزاز رکھتی ہے لیکن وہ کبھی اس سے آگے نہیں بڑھ سکی تھی جبکہ زیڈانسک کبھی گرینڈ سلام ایونٹس میں دوسرے راؤنڈ سے آگے نہیں جاسکی تھی اور نہ ہی اس نے کوئی ڈبلیو ٹی اے ٹائٹل جیتا ہے جبکہ وہ کبھی ٹاپ 50میں بھی نہیں آئی تاہم اس مرتبہ فرنچ اوپن زیڈانسک کی کارکردگی مثالی رہی جس سے اس کی رینکنگ میں بہتری آئے گی۔

پاؤلیو چنکووا نے 2011 میں بھی فرنچ اوپن کا کوارٹر فائنل کھیلا تھا جہاں اطالوی کھلاڑی فراسیسکا شیووان نے اسے شکست دی تھی جبکہ فائنل میں شیووان کو چین کی لی نانے ہرادیا تھا۔فائنل میں رسائی کے ساتھ ہی ایک ریکارڈ پاؤلیو چنکووا کے نام سے جڑ گیا اور وہ سب سے زیادہ گرینڈ سلام ایونٹس میں شرکت کے بعد گرینڈ سلام فائنل میں پہنچی۔ یہ ان کا 55 واں گرینڈ سلام ٹورنامنٹ ہے جبکہ اس سے قبل اٹلی کی رابرٹاونچی 44 ویں گرینڈ سلام ٹورنامنٹ میں شرکت کے بعد فائنل میں پہنچی تھی۔ ونچی نے 2015 میں یوایس اوپن فائنل کھیلا تھا اور اپنی ہم وطن فلاویا پینیٹا سے شکست کھا گئی تھی۔

فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ خواتین کیٹیگری اپ سیٹ سے بھرپور ہے اور ٹاپ 10 سیڈڈ کھلاڑیوں میں سے کوئی بھی خاتون سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی نہیں کر سکی۔ دفاعی چیمپئن ایگا سواٹیک کو کوارٹر فائنل میں ماریہ سکاری نے دوسیٹ کے مقابلے میں بآسانی شکست سے دوچار کیا۔ ایگا سواٹیک جو خود بھی انتہائی جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتی ہے مگر وہ ماریہ سکاری کے برق رفتار شاٹس کے سامنے جم کرنہیں کھیل پائی۔ پولینڈ سے تعلق رکھنے والی ایگا سواٹیک ٹورنامنٹ میں سیڈ نمبر 8 تھی جبکہ یونان سے تعلق رکھنے والی ماریہ سکاری سیڈ نمبر 17ہے۔ ماریہ ٹاپ 32 کھلاڑیوں میں واحد سیڈڈ کھلاڑی ہے جو سیمی فائنل میں پہنچنے میں کامیاب ہو ئی۔ کوارٹر فائنل مرحلے میں ماریہ سکاری نےایگا سواٹیک کو 6-4,6-4 سے زیر کیا۔ ماریہ سکاری کسی گرینڈ سلام ٹورنامنٹ کا کوارٹر فائنل کھیلنےوالی پہلی یونانی خاتون کھلاڑی تھی ۔

ایگا سواٹیک نے کوارٹر فائنل سےقبل چار راؤنڈز میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی حریف کھلاڑیوں کو آسانی سے شکست دی تھی اور چاروں میچوں میں کوئی سیٹ ڈراپ نہیں کیا تھا۔ اس کی کارکردگی سے یہ اندازہ لگایا جا رہا تھا کہ وہ اپنے ٹائٹل کے دفاع کیلئے پوری طرح تیا ر ہے کیونکہ زیادہ ترسیڈڈ کھلاڑیوں کے ٹورنامنٹ سے آؤٹ ہونے کی وجہ سے سب کی نگاہیں ایگا پر مرکوز تھیں۔ تاہم کوارٹر فائنل میں حریف ماریہ سکاری دفاعی چیمپئن ایگا کیلئے انتہائی سخت جاں ثابت ہوئی۔ سکاری نے رواں سیزن میں خود کو بہتر کھلاڑی ثابت کیا ہے جس میں ان کے امریکی کوچ ٹام ہل کا موثرکردار ہے۔ سکاری نے برق رفتار سروس‘ بیک ہینڈ‘ والی اور ڈراپ شاٹس کا بھرپور استعمال کرتے ہوئے ایگا کو بے بس کردیا تھا ۔دوسرے سیٹ میں ایگا کو اپنی بائیں ران میں تکلیف کی وجہ سے میڈیکل ٹائم آؤٹ لینا پڑا تھااس وقت ماریہ سکاری کو 2-0 کی برتری حاصل تھی اور یونانی کھلاڑی پہلا سیٹ اپنے نام کر چکی تھی۔ ماریہ سکاری نے دوسوے سیٹ میں بھی ایگا کے خلاف بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کیا۔ وہ مکمل طور پر پولش کھلاڑی پرحاوی رہی۔

خواتین کیٹیگری میں 32 ٹاپ سیڈڈ میں سے12 کھلاڑی پہلے راؤنڈ مبیں شکست سے دو چار ہوئیں جبکہ سات سیڈڈ خواتین دوسرےراؤنڈ سے آگے نہ بڑھ سکیں۔ صرف 13 سیڈڈ تیسرے راؤنڈ میں پہنچنے میں کامیاب ہوئی تھیں جو 2001 میں سیڈنگ کو 32 تک وسعت دینے کے بعد سب سے کم تعداد ہے۔

جمہویہ چیک سے تعلق رکھنے والی 25 سالہ باربورا کراجیسکووا کو ڈبلز سپیشلسٹ کے طور پر جانا جاتا ہے لیکن اس کا کہنا ہے کہ میں صرف ڈبلز کھلاڑی کے ٹیگ کو اپنے نام کے ساتھ چسپاں نہیں کرنا چاہتی۔ اس بار فرنچ اوپن میں باربورا نے سنگلز میں غیرمعمولی کارکردگی پیش کرتے ہوئے اپنے صرف ڈبلز کھلاڑی ہونے کے تاثر کو غلط ثابت کیا ہے۔ وہ جمہوریہ چیک کی سابق ٹینس اسٹار آنجہانی جانا نووتنا کی شاگرد ہے۔ باربورا نے کوارٹر فائنل میں امریکہ کی باصلاحیت کھلاڑی کوکو گاؤف کو شکست سے دوچار کیا۔

Leave a Reply