کروناوائرس کاپھیلاؤ: بین الاقوامی سفر پر پابندی کیلئے مشاورت کافیصلہ


نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے ملک میں کرونا وائرس کے مثبت کیسز بڑھنے پر تشویش کا اظہار کردیا۔ اجلاس میں بین الاقوامی سفر پر پابندی کیلئے مشاورت کا فیصلہ کیا گیا جبکہ پنجاب، خیبرپختونخوا اور وفاقی دارالحکومت میں لاک ڈاؤن میں اضافے پر بھی غور کیا گیا۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کا اجلاس وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت ہوا، جس میں کرونا وائرس کی تیسری لہر، بڑھتے ہوئے کیسز اور لاک ڈاؤن سمیت دیگر امور پر غور کیا گیا

این سی او سی کے اعلامیے کے مطابق کرونا وائرس کے بڑھتے کیسز پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا، کرونا کے مثبت کیسز کی شرح 5 سے 6 فیصد تک ہوگئی، پنجاب، اسلام آباد، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر کے بڑے شہروں میں مثبت کیسز کی شرح میں اضافہ ہوا۔

این سی او سی نے ہدایت کی ہے کہ وفاق کی تمام اکائیاں ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کیلئے فوری اقدامات کریں، وبا کنٹرول کرنے کیلئے پنجاب حکومت کے اقدامات قابل تعریف ہیں

اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجاب کے مختلف شہروں میں لاک ڈاؤن میں توسیع کیلئے مزید اقدامات زیر غور ہیں۔ کرونا وباء کی نئی قسم (برطانوی، جنوبی افریقی اور برازیلین ویرینٹ) کے پھیلاؤ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، خیبرپختونخوا کے بعض شہروں میں بھی لاک ڈاؤن میں توسیع سمیت مختلف اقدامات زیر غور رہے۔

اجلاس کے شرکاء کو بتایا گیا کہ بعض ملکوں سے بین الاقوامی سفر پر مزید پابندی پر فیصلہ اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد ہوگا

این سی او سی کےمطابق کرونا کے باعث ایک روز میں سب سے زیادہ پنجاب میں 34 انتقال کر گئے جبکہ سندھ میں ایک مریض زندگی کی بازی ہار گیا، خیبرپختونخوا میں 9، اسلام آباد میں 2 اموات ہوئیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 42 ہزار 499 ٹیسٹ کئے گئے جبکہ ملک میں کرونا کے فعال کیسز کی تعداد 19 ہزار 764 تک پہنچ گئی، صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 5 لاکھ 69 ہزار 296 ہے جبکہ مجموعی کیسز کی تعداد 6 لاکھ 2 ہزار 536 ہے

Leave a Reply