وزیراعظم عمران خان نے پارلیمنٹیرینز کے اختیارات بہتر بنانے کےلئے 5رکنی کمیٹی کی منظوری دے دی۔
تفصیلات کے مطابق 9مارچ کو ہونے والے حکومت کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں وفاقی وزرا اور تحریک انصاف کے ایم این ایزنے یہ موقف اختیار کیا کہ سسٹم اور بیوروکریسی سیاستدانوں کےخلاف تعصب رکھتے ہیں، پارلیمنٹرینز کو ارادتاً گریڈ17کے افسر سے بھی کم اختیار دئیے گئے ہیں، گریڈ 17کا آفیسر کاغذات کی تصدیق کرسکتاہے کہ جبکہ پارلیمنٹیرینز کو یہ اختیار بھی حاصل نہیں ہے۔
وزرا کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹرینز کوسرکاری کمپنیوں کے بورڈ آف ڈائریکٹرزکی تعیناتی کیلئے بھی شامل نہیں کیا جاسکتا،سسٹم، بیورو کریسی کا یہی رویہ رہا تو آئندہ الیکشن میں عوام کا سامنا نہیں کرسکیں گے۔وزیر اعظم عمران خان نے اجلاس میں وفاقی وزرا کے موقف کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ مجھے بھی اس قسم کی شکایات مل رہی ہیں۔جس کے بعد وزیر اعظم نے وزیر تعلیم کی سربراہی میں 5رکنی کابینہ کمیٹی قائم کرنے کی منظوری دی جو سیاستدانوں کے اختیارات بہتر بنانے اور متعصب سسٹم کے خاتمے کیلئے سفارشات دے گی۔