عائشہ اور ریمبو کی مبینہ آڈیو ٹیپ منظرِ عام پر ، کیس نیا رخ اختیار کر گیا
لاہور:(ہم دوست نیوز) گریٹر اقبال پارک واقعہ کیس میں ایک اور بڑی پیشرفت سامنے آئی ہے، خاتون ٹک ٹاکر عائشہ اکرام بیگ اور اس کے ساتھی ریںمبو کی مبینہ آڈیو ٹیپ منظر عام پر آ گئی ہے۔ جس میں واضح طور پر سنا جا سکتا ہے کہ دونوں بات چیت کر رہے ہوتے ہیں کہ گرفتار ملزمان سے کتنے پیسے لینے ہیں ۔ ان کی آڈیو کال سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔مبینہ آڈیو ٹیپ میں عائشہ اکرم اور ریمبو ایک دوسرے سے مکالمہ کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ مجرم 6 ہیں یا 7، عائشہ ریمبو سے کہتی ہے کہ 6 مجرم ہیں جنھیں شناخت کیا ہے۔
جس پر ریمبو ٹک ٹاکر عائشہ سے کہتا ہے کہ فی مجرم کتنے پیسے لیے جائیں؟، ریمبو کہتا ہے کہ زیادہ تر تو غریب ہیں۔۔ جس پر عائشہ جواب دیتی ہے کہ مشکل سے ان لوگوں نے 5، 5 لاکھ کرنے ہیں۔
گریٹر اقبال کیس کی مرکزی کردار عائشہ اور اس کے ساتھی ریمبو کی تہلکہ خیز آڈیو ٹیپ سامنے آ گئی، خاتون کہتی ہے کہ ملزم غریب ہیں اور وہ پانچ پانچ لاکھ روپے ہی دے دیں تو بہت ہیں۔ دوسری طرف ریمبو عائشہ کو جواب دیتا ہے کہ چلیں ٹھیک ہے میں بات کرتا ہوں pic.twitter.com/xpHkni6Oor
— Tayyab Khan (@Tayipkhan93) October 11, 2021
واضح رہے ریںمبو پولیس کی حراست میں ہے اور یہ آڈیو ریکارڈنگ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن شارق جمال کے مطابق مبینہ قبضے میں لیے گئے ریمبو کے فون سے ملی ہے۔
ڈی آئی جی کا کہنا تھا کہ فون کال کی ریکارڈنگ کو کیس کا حصہ بنا رہے ہیں اور کال کا جائزہ لے رہے ہیں۔
اگر بات کی جائے اس کیس کو لے کر عوامی ردعمل کی تو سوشل میڈیا پر عوام شدید غصہ کا اظہار کر رہے ہیں، سوشل میڈیا صارفین اس سارے معاملے پر نجی ٹی وی کے اینکر پرسن اقرار الحسن اور یوٹیوبر یاسر شامی کو بھی تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔