ہماری پوری کوشش ہے کہ پی ٹی آئی ایوان میں واپس آجائے، خورشید شاہ

اسلام آباد ( ہم دوست نیوز) رہنما پاکستان پیپلز پارٹی خورشید شاہ نے کہا ہے کہ پہلی مرتبہ کسی حکومت کو آئینی طور پر نکالا گیا، ہم نےعمران خان کو ہارس ٹریڈنگ کرکے نہیں نکالا، ہماری پوری کوشش ہے کہ پاکستان تحریک انصاف ایوان میں واپس آجائے۔

تفصیلات کے مطابق رہنما پاکستان پیپلز پارٹی خورشید شاہ نے نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے اپنے اتحادیوں کو دھوکا دیا، معیشت کا بیڑا غرق کردیا تھا۔ عمران خان اپنی کارکردگی کے بارے میں کچھ نہیں بتاتے، اُن کا ایجنڈا کچھ اور تھا، وہ کوئی بات سمجھنے کے لیے تیار نہیں تھے۔ عمران خان کو پتا تھا کہ وہ جانے والا ہے اس لیے پیٹرول سستا کردیا تھا، عمران خان سے کوئی پوچھے ساڑھے تین سال میں جو قرضہ لیا وہ پیسے کہاں گئے؟ انہوں نے چین، ترکی، سعودی عرب، انڈونیشیا اور ملائیشیا کو ناراض کیا۔ عمران خان کو کہا تھا کہ فیصلے آئین کے مطابق کریں، ان کو کہا تھا کہ ہم آئین کی حفاظت کریں گے، ان کے دور میں معاشی حالات دن بدن خراب ہوتے جا رہے تھے، عمران خان دور میں میڈیا اور لوگ ہمیں کہتے رہے کہ معاشی حالات خراب ہیں کیا اپوزیشن مرگئی ہے؟

Leave a Reply