ایاز امیر پر حملہ، وزیر داخلہ نے ملزمان کی گرفتاری کی یقین دہانی کرادی

اسلام آباد (ہم دوست نیوز)وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ نے سینئر صحافی ایاز امیر پر لاہور میں حملے کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نامعلوم حملہ آوروں کو ”معلوم“ کرنے کے لئے پنجاب حکومت سے پورا تعاون کرینگے۔

تفصیلات کے مطابق وزیرداخلہ رانا ثناءاللہ خاں نے سینئر صحافی اورکالم نگار ایاز امیر پر لاہور میں حملے کے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔ وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ خاں نے سینئر صحافی ایاز امیر سے ہمدردی کا اظہار کیا، انہوں نے ملزمان کی گرفتاری اور سخت قانونی کارروائی کی یقین دہانی کرائی ہے، رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ تنقید پر تشدد کا خود نشانہ بن چکے ہیں، ایسے واقعات کو برداشت نہیں کیا جاسکتا، آئین میں ضمانت کردہ شہری حقوق اور اظہار کی آزادیوں کے حامی اور اُن پر مکمل یقین رکھتے ہیں، ایاز امیر قابل احترام شہری ہیں، ان کے ساتھ رونما ہونے والے واقعے پر دلی افسوس ہے۔یاد رہے کہ لاہور کے علاقے ایبٹ روڈ پر سینئر صحافی ایاز امیر پر نامعلوم افراد نے تشدد کر کے ان کا موبائل فون اور پرس بھی چھین لیا تھا۔

Leave a Reply