ڈیرہ غازی خان(ہم دوست نیوز)ڈیرہ غازی خان کی انسداد دہشتگری کی خصوصی عدالت نے عدالت کے حکم پر عمل درآمد نہ ہونے پر وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کو طلب کرتے ہوئے شوکاز نوٹس جاری کردیا۔
تفصیلات کےمطابق ڈیرہ غازی خان کی انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے دہشتگردی کے مقدمےمیں دو ملزمان کےشناختی کارڈ بلاک کرنے اور نام ای سی ایل میں ڈالنے کے کیس میں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ کو شوکاز نوٹس جاری کردیا ہے۔عدالت نےمقدمے میں وفاقی سیکریٹری داخلہ،چیئرمین نادرا اور ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹ کو بھی نوٹس جاری کردیا۔عدالت نے تمام حکام کو پیر24اکتوبر کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سیلاب کے بعد پاکستان میں بیماریوں اور اموات کا خطرہ ہے، ڈبلیو ایچ او
نوٹس کے متن میں کہاگیا ہےکہ عدالت نے تھانہ گدائی کے زیرسماعت مقدمے میں ملزم کا نام ای سی ایل میں ڈالنے اور ان کا شناختی کارڈ بلاک کرنے کا حکم دیا تھا۔وفاقی وزیر داخلہ اور سیکرٹری داخلہ نےفرائض میں غفلت برتی،عدالتی حکم پر عمل درآمد نہیں کیا گیا۔نوٹس کےمطابق چیئرمین نادرا اور ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹ نےبھی عدالتی حکم کی پاسداری نہیں کی ہے۔