( ہم دوست نیوز) ٹینس اسٹار روہن بوپنا اور ثانیہ مرزا کی جوڑی کو آسٹریلین اوپن ٹینس چیمپئن شپ کے فائنل میں شکست ہوگئی ہے ۔
بھارت کی ٹینس جوڑی کو فائنل میں برازیلین جوڑی سے7-6 اور 6-2 سے شکست ہو گئی ہے۔
میچ کے اختتام پر گفتگو کرتے ہوئے ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کی آنکھوں میں آنسو آگئے۔
ثانیہ مرزا کا کہنا ہے میرا پروفیشنل کیریئر میلبرن سے شروع ہوا تھا اور اپنا کیریئر ختم کرنے کے لیے اس سے اچھے ارینا کا سوچا بھی نہیں جا سکتا۔
اپنے کیریئر کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ثانیہ مرزا کی آواز بھی بھر آئی تھی اور انہوں نے اپنے آنسو بھی صاف کیے تھے ۔
اس دوران شائقین نے تالیاں بجا کر ثانیہ مرزا کا حوصلہ بڑھا دیا ۔
واضح رہے کہ ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے رواں ماہ ہی ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا، اور وہ آئندہ ماہ دبئی کے ایونٹ کے بعد ٹینس سے ریٹائر ہو جائیں گی۔