گورنر چوہدری سرور کا نیوی کے 80 رکنی وفد سے خطاب

لاہور ( 4 مارچ 2021ء ) گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ پاکستان نیوی خطے میں ایک مضبوط بحری قوت کے طور پر پہچانی جاتی ہے جو انتہائی فرض شناس ادارہ ہے یہ وطن کے دفاع کیلئے ہر قربانی کیلئے تیار ہے۔ملک کو درپیش سمندری چیلنجوں سے بھی پاک نیوی کامیابی کے ساتھ نمٹ رہی ہے۔ پاک نیوی نے ہمیشہ منہ توڑ جواب دے کر بھارت کا غرور خاک میں ملایا ہے۔ امن 2021 مشقیں پاکستان کے علاقائی امن خاص طور پر بحر ہند میں امن کا مظہرہیں۔ پاکستان خطے میں امن اور خوشحالی چاہتا ہے۔ پاک نیوی کے شہدا ء اور غازیوں کی قربانیوں کو قوم سلام پیش کرتی ہے۔وہ جمعرات کے روز گور نر ہاؤس لاہور میں کمانڈنٹ پاک نیوی وار کالج سنٹر ل پنجاب رئیر ایڈ مر ل محمد زبیر شفیق کی قیادت میں ملاقات کر نے والے پاکستان نیوی سٹاف کورس کے 21غیر ملکی افسران سمیت 80رکنی وفد سے خطاب اور ان کے سوالات کے جوابات دے رہے تھے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان نیوی خطے میں ایک مضبوط بحری قوت کے طور پر پہچانی جاتی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ پاک بحریہ کی پیشہ وارانہ مہارت 22کروڑ پاکستانیوں کیلئے قابل فخر ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ پاک بحریہ ملکی سمندری حدود کے دفاع کے ساتھ ساتھ گوادر پورٹ کی سکیورٹی اور سی پیک کے سمندری راستوں کو تحفظ فراہم کر کے ملکی معاشی مفادات کے حصول میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ چوہدری محمد سرور نے کہا کہ ہمیں اس بات پر بھی فخر ہے کہ جب بھی بھارت نے سمندری راستے سے پاکستان کے خلاف کوئی شرارت کی تو پاک بحریہ نے ہمیشہ منہ توڑ جواب دے کر بھارت کا غرور خاک میں ملایا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ پاک بحریہ کے شہدا اور غازیوں کی قربانیوں کو قوم سلام پیش کرتے ہیں۔
گور نر پنجاب نے کہا کہ الحمد اللہ پاکستان کے پاس دنیا کی بہترین افواج ہے جو ہر مشکل وقت میں ملکی سر حدوں کی حفاظت کیلئے اپنی جان کی قربانی دینے کو تیار ہے اورہمیشہ ملک دشمنوں کو منہ توڑ جواب دیا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی سرحدوں کے ایک ایک انچ کا دفاع کر نا جانتا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ خطے میں دہشت گردی کے خاتمے اور امن کے قیام کیلئے پاکستان کے دفاعی اداروں اور عوام نے جو قر بانیاں دی ہیں وہ بھی تاریخ کا حصہ ہیں۔چوہدری محمدسرور نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت نے اداروں کی مضبوطی کیلئے تاریخی اقدامات کیے ہیں اور انہیں سیاسی مداخلت سے 100فیصد پاک کر نے کی پالیسی پر گامزن ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ کر پشن اور منی لانڈرنگ جیسے جرائم کے خاتمے کیلئے بھی حکومت تمام اقدامات کو یقینی بنا رہی ہے۔
ملکی وغیر ملکی افسران کے سوالوں کے جوابات میں گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان پہلے دن سے امن کی بات کر رہے ہیں اور تمام ہمسائیہ ممالک کے ساتھ بھی بہتر اور پر امن تعلقات چاہتے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ افغانستان سمیت دُنیا میں امن کیلئے پاکستان اپنا بھر پور کردار ادا کر رہا ہے۔ گورنر نے کہا کہ بدقسمتی سے بھارت کے جنگی جنون اور کشمیر میں بے گناہ کشمیر یوں کے قتل عام سے خطے کا امن داؤ پر لگا ہوا ہے ہم اقوام متحدہ سمیت انسانی حقوق کی تمام تنظیموں اور پوری دنیا سے کہنا چاہتے ہیں کہ خطے میں امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل لازم ہے جس کے لیے تمام ممالک کو سفارتی سمیت دیگر ذرائع سے اپنا کردار ادا کر نا چاہیے.

Leave a Reply