مریم و بلاول ابو بچانے کی مہم پر نکلے ہوئے ہیں : فیاض الحسن چوہان

لاہور ( 7 مارچ 2021ء) : وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے لاہور میں بلاول زرداری اور حمزہ شہباز کی طرف سے کی گئی حکومت مخالف میڈیا ٹاک پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ خاندانی اور موروثی سیاست کے رحم و کرم پر پیدا ہونے والے آل شریف و زرداری کے دونوں سپوت اپنے اپنے ابو بچانے کی مہم جاری رکھے ہوئے ہیں۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ سندھ کے خود پیدا کردہ وڈیرہ اور جاگیرداری کلچر میں پلنے والے بلاول کے منہ سے عوام کی بات مضحکہ خیز ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے سیاست میں اخلاقی اور پارلیمانی اقدار کا اعلیٰ معیار متعارف کروایا ہے۔ پاکستان ڈاکو موومنٹ کے آئیں بائیں شائیں کرنے سے حکومت کی کارکردگی چھپ نہیں سکتی۔ فیاض الحسن چوہان نے حکومتی کارکردگی سے متعلق اعداد و شمار بیان کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی بہترین معاشی پالیسیوں کے باعث دسمبر 2019 کے 12.6 فیصد کے مقابلے میں دسمبر 2020 میں مہنگائی 7.9 فیصد پر آئی۔ اسی دورانیے میں پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 319 ملین سے دسمبر 2020 میں 447 ملین سرپلس پر ریکارڈ کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملکی برآمدات دسمبر 2019 کے 1993 ملین سے بڑھ کر دسمبر 2020 میں 2357 ملین تک پہنچ گئیں۔ فیاض الحسن چوہان نے اس موقع پر کہا کہ پی ڈی ایم چاہے ایڑی چوٹی کا زور لگا لے، وزیراعظم عمران خان کو اپنے مقصد سے پیچھے نہیں ہٹا سکتا۔

Leave a Reply