کراچی میں کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن کے علاقوں میں رواں مون سون سیزن میں صورتحال بگڑنے سے روکنے کے لیے اہم اقدامات کئے گئے ہیں۔
سی ای او کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن ڈاکٹر رضوان نے بتایا کہ کراچی میں کئی کنٹونمنٹ بورڈز موجود ہیں۔ کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن میں ڈی ایچ اے کے فیز آتےہیں۔ اس کے علاوہ سی ویو بھی کنٹونمنٹ بورڈ میں شامل ہے۔ کلفٹن کے بلاک 8 اور 9 کنٹونمنٹ بورڈ میں آتےہیں۔ مجموعی طور پر 54 مربع کلومیٹر کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن کی حدود ہے۔
کنٹونمنٹ بورڈ کے سی ای او نے بتایا کہ سڑکوں کے نظام کو درست کیا گیا ہے۔ پچھلے برس کی بارشوں کے بعد سیوریج کے نظام اور برساتی پانی کی نکاسی کے راستوں کو صاف کیا گیا۔ کنٹونمنٹ بورڈ نے نئی مشینری بھی لی ہے اور پمپنگ کی صلاحیت بھی بڑھائی ہے۔
ڈاکٹر رضوان کا کہنا تھا کہ سمندر میں جس مقام پر برساتی پانی کی نکاسی کے پائپ نصب ہیں وہاں 8 ریگولیٹر گیٹ نصب کئے گئےہیں۔ یہاں پمپس بھی لگائے گئے ہیں جو 75 ہارس پاور کی صلاحیت رکھتے ہیں اور 2500 گیلن پانی فی منٹ میں پمپ کرسکتے ہیں۔انھوں نے مزید بتاتا کہ پمپنگ اسٹیشن میں بجلی جانی کی صورت میں جنریٹرز کی سہولت بھی موجود ہے۔
ڈاکٹر رضوان کا کہنا تھا کہ کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن سے سمندر میں سیوریج کا انٹریٹیڈ پانی نہیں جاتا ہے۔