عمران خان جن منصوبوں کے فیتے کاٹ رہے ہیں، وہ منصوبے میاں صاحب نے شروع کیے تھے : احسن اقبال

مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان جن منصوبوں کا فیتہ کاٹ رہے ہیں وہ درحقیقت مسلم لیگ ن کے دور میں شروع کیے گئے منصوبے ہیں۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ جس مالاکنڈ یونیورسٹی کا آج عمران خان نے افتتاح کیا ہے یہ منصوبہ مسلم لیگ ن نے 2015 میں شروع کیا تھا۔

انہوں نے کہا اس منصوبے کو 2019 میں مکمل ہونا تھا مگر حکومت کی جانب سے فنڈز کی عدم فراہمی کی وجہ سے 2 سال کی تاخیر کے بعد آج اس منصوبے کا فیتہ کاٹ کر کریڈٹ لینے کی کوشش کی جارہی ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ اسی طرح سیالکوٹ میں ن لیگ کےدور میں شرو ع کی گئی یونیورسٹی پرکریڈٹ لینے کی کوشش کی جارہی تھی جو چوری پکڑی گئی تھی، آج بھی مالاکنڈ یونیورسٹی کا افتتاح کرتے ہوئے عمران خان کی چوری پکڑی گئی ہے، عمران خان صاحب اپنے منصوبوں سے متعلق قوم کو بتائیں ۔

اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں احسن اقبال نے کہا کہ PMLN کی حکومت نے یونیورسٹی آف مالاکنڈ کا منصوبہ 2015 میں 922ملین روپے کی لاگت سے منظور کیا جس پر مئی 2018 تک 575 ملین روپے خرچ ہو چکے تھے اور 347 ملین 2018-19 PSDP میں مختص کئے گئے تھے تاکہ یہ منصوبہ اس سال مکمل ہو جائے مگر فنڈز روک لئے گئے اور دو سال کی تاخیر سے اب مکمل ہوا ہے-

Leave a Reply