کوہاٹ : چار سالہ بچی زیادتی کے بعد بے دردی سے قتل، نالےسے لاش برآمد

کوہاٹ ( ہم دوست نیوز) : کوہاٹ کے علاقے خٹک کالونی کی رہائشی چار سالہ معصوم بچی حریم چیز لینے کیلیے قریبی دکان تک گئی تھی مگر واپس نہیں آئی. کافی دیر تک لاپتہ رہنے کے بعد والدین کی طرف سے پولیس کو اطلاع دی گئی.

چار سالہ حریم فاطمہ کے والد فرہاد حسین نے بھی اپنے طور پر تلاش جاری رکھی. کافی تلاش بسیار کے باوجود بچی کو ڈھونڈنے میں ناکامی ہوئی. آخر کار صبح کو ایک نالے سے بچی کی لاش مل گئی. پوسٹ مارٹم کیلیے حریم فاطمہ کی میت کو اسپتال لے جایا گیا تو رپورٹ میں سامنے آیا کہ بچی ڈوب کر نہیں مری، بلکہ اسے زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد بے دردی سے قتل کیا گیا تھا. اس کے بعد لاش پانی میں پھینک دی گئی تھی.

اہل خانہ اور اہل علاقہ کے احتجاج کے بعد پولیس کی طرف سے یقین دہانی کرائی گئی کہ جلد از جلد مجرموں کو پکڑ عبرت کا نشان بنا دیا جائے گا. والد کی مدعیت میں چائلڈ پروٹیکشن ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور پولیس مجرموں کا سراغ لگا رہی ہے.

مقتولہ کے والد نے حکام بالا سے انصاف کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ مجرموں کو قرار واقعی سزا دے کر انصاف کے تقاضوں کو پورا کیا جائے. سوشل میڈیا پر بھی مہم چلائی جارہی ہے کہ مقتولہ حریم فاطمہ کے قاتلوں کو جلد از جلد انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے.

Leave a Reply