عمران خان سیاست میں غیر ضروری عنصر ہیں۔۔۔۔۔مولانا فضل الرحمان

(ہم دوست نیوز): کوئٹہ میں پی ڈی ایم کے تحت مہنگائی کے خلاف جلسے سے خطاب کرتے ہوئے جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ دس سالوں سے کہہ رہا ہوں کہ عمران خان پاکستان کی سیاست کا غیر ضروری عنصر ہیں۔ وہ نالائق ہونے کے ساتھ ساتھ نہ اہل بھی ہیں۔

حکومت نے 50 لاکھ گھر دینے کی بجائے عوام کے اتنے ہی گھر گرا دیئے ہیں۔ گورنر اسٹیٹ بینک کے علاوہ کوئی باہر سے نوکری کے لیے نہیں آیا۔ اب تو عدلیہ پر بھی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔

سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ دھاندلی کے ذریعے آنے والی حکومت اب اصلاحات اور قانون سازی کی بات کر رہی ہے۔ اسٹیٹ بینک کو براہ راست آئی ایم ایف کے انڈر لانے کی بات کی جا رہی ہے۔ انتخابی اصلاحات سے متعلق قانون سازی کی مخالفت کی جائے گی۔

مولانا فضل الرحمان کا مزید کہنا تھا کہ کل بھی غلامی کے خلاف تھے اور آج بھی اس کی مخالفت کرتے ہیں۔ ہم نے اس ملک اور اس کے اداروں کو چلانا ہے۔ آئین کی خلاف ورزی نہیں کرنی چاہیے لیکن حکومت کے خلاف جدو جہد جاری رہے گی۔ اقتدار چھوڑ کر جانے میں ہی حکمرانوں کی بہتری ہے۔

Leave a Reply