(ہم دوست نیوز): ہمیں نیا نہیں پرانا پاکستان چاہئے۔۔۔ خورشید شاہ
اطلاعات کے مطابق پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشیداحمد شاہ نے عمران خان کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ہم سے بھی گناہ اور کوتاہیاں ہوئی ہیں۔ جو عمران خان کی صورت میں ہم پر عذاب نازل ہوا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نےکہا تھا کہ سب کچھ تبدیل کردوں گا۔ اس کی تبدیلی مہنگائی کے سونامی کی صورت میں عوام پر مسلط ہے۔اب عوام کو سڑکوں پر آنا ہی ہوگا۔مہنگائی کا یہ مسئلہ تب حل ہو گا۔جب لوگ سڑکوں پر آکر کہیں گے کہ ہمیں نیا نہیں پرانا پاکستان چاہیئے۔
تفصیلات کے مطابق سکھر میں بے روزگاری اور مہنگائی کے خلاف سٹی بائی پاس پر دیئے جانے والے دھرنے میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے سید خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ عمران خان کہتے تھے کہ اگر ملک میں مہنگائی ہو تو حکمران کرپٹ ہوتا ہے۔مگر اب تحریک انصاف کی حکومت میں تاریخی کرپشن ہو رہی ہے۔
میں کسی پر الزام نہیں لگارہا مگر مجبوراً کہنا پڑتا ہے یہ حکومت تو گیس ہی نہیں اربوں روپے لوٹ کر کھا گئی ہے۔ملک میں گیس کا بحران ہے ، پیٹرول مہنگا ہے۔لاکھوں لوگوں کو روزگار سے نکال کر ان کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے کر دئیے گئے ہیں ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے نوجوان اس انتظار میں تھے کہ انہیں روزگار ملے گا مگر آج ہر طرف بھوک ہے۔مرغی ، گوشت ، پیٹرول، گیس ، بجلی اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ ہوگیا ہے۔