ممبئی: ( ہم دوست نیوز) بھارت کی معروف ڈائریکٹر دیپک پانڈے نے پاکستان سے تعلق رکھنے والی معروف میزبان، رائٹر اور اداکار علی سلیم عرف بیگم نوازش علی کی زندگی سے متعلق فلم بنانے کا اعلان کر دیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق علی سلیم کی زندگی کی کہانی بے حد متاثر کن ہے ، جس طرح ہمت اور بہادری سے انہوں نے اپنی زندگی کے تمام چیلنجز کا سامنا کیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق قوی امکانات ہیں کہ اس فلم میں بالی وڈ کی معروف ترین اداکارہ ملیکا شراوت مرکزی کردار میں دکھائی دیں گی۔
اس حوالے سے ڈائریکٹر دیپک پانڈے کا کہنا ہے کہ وہ چاہتے ہیں کہ علی کا کردار ملیکا شراوت ہی نبھائیں کیوں کہ اس کردار کے لیے اس طرح کی اداکارہ کی ضرورت ہے جو مضبوط اور بے باک شخصیت کی مالک ہو اور یہ تمام خصوصیات ملیکا میں ہیں۔
ڈائریکٹر کے مطابق انہوں نے فلم کے اس اہم کردار کے لیے ملیکا شراوت سے رابطہ بھی کر لیا ہے تاہم اداکارہ کا حتمی اعلان کچھ دنوں میں کیا جائے گا ۔