لاہور :( ذیشان صابر) پاکستان کی سب سے بڑی فلم ‘ دی لیجنڈ آف مولا جٹ ‘ بڑی اسکرین کی زینت بننے کے لئے تیار، ایشیاء کی پہلی ایکشن فلم ہے جو ایک ساتھ پاکستان اور بیرون ممالک میں 13 اکتوبر کو ریلیز کی جائے گی۔
فلم میں جان ڈالنے کے لئے شوبز انڈسٹری کے سُپر اسٹار فواد خان، حمزہ علی عباسی اور ماہرہ خان کو فلم میں شامل کیا گیا۔
14 اگست کو فلم کا 2 منٹ اور 46 سیکنڈز پر مشتمل آفیشل ٹریلر ریلیز کیا گیا ہے جس میں ایکشن کے ساتھ ساتھ رومانس کے سین بھی دیکھنے کو ملتے ہیں جب کہ مکمل فلم 13 اکتوبر 2022 کو بڑی اسکرین پر جلوہ فروش ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستانی فلم ” دی لیجنڈ آف مولا جٹ” کا ٹریلر جاری
اس فلم میں سرحد پار شہرت حاصل کرنے والے پاکستانی اداکار فواد خان مولا جٹ کا جب کے حمزہ علی عباسی نوری نتھ کا کردار ادا کریں گے۔
اس کے علاوہ ماہرہ خان، عمیمہ ملک، گوہر رشید، فارس شفیع، علی عظمت، شفقت چیمہ، نیئر اعجاز اور دیگر سپر اسٹار اداکار بھی اس فلم کے ذریعے اپنی اداکاری کے جوہر دکھائیں گے،اس فلم کے ہدایت کار (Director) بلال لاشاری اور پروڈیوسر عمارہ حکمت ہیں۔
یہ فلم پاکستان میں بننے والی سب سے مہنگی فلم ہے جس کا بجٹ 30 کروڑ سے زائد ہے جب کہ اس فلم کے لکھاری ناصر ادیب پہلے ہی یہ دعویٰ کر چُکے ہیں کہ یہ فلم دنیا بھر میں سب سے زیادہ مقبول ہونے والی پہلی پاکستانی فلم ہوگی۔
یاد رہے کہ اس فلم کی شوٹنگ 2018 میں مکمل ہو چکی تھی اور 2019 میں بڑی اسکرین پر چلنے کے لیے تیار تھی لیکن پہلا ٹیزر ریلیز ہوتے ہی کاپی رائٹ کا مسئلہ بن گیا جس کی وجہ سے یہ فلم تاخیر کا شکار ہوئی۔