( ہم دوست نیوز) کیا آپ یقین کر سکتے ہیں کہ کسی اداکار کو فلم میں ایک کردار کے لیے 61 ارب روپے سے زیادہ معاوضہ کی پیشکش کی جائے لیکن وہ پھر کام کرنے سے انکار کردے؟
جی ہاں واقعی ایسا ہالی وڈ اداکار میٹ ڈیمن نے کر دیا اور پھر انہوں نے اس پر پچھتاوے کا اظہار بھی کیا ہے ۔
کچھ عرصے قبل میٹ ڈیمن نے ایک انٹرویو کے دوران کہا ہے کہ انہیں ڈائریکٹر جیمز کیمرون نے 2009ء کی فلم اواتار کا مرکزی کردار نبھانے کی پیش کش کی تھی۔
ان کا یہ بھی بتانا ہے کہ اس پیشکش کے ساتھ جیمز کیمرون نے کہا تھا کہ فلم کا 10 فی صد منافع بھی انہیں دیا جائے گا۔
میٹ ڈیمن نے ایک اور فلم دی بورن الٹی میٹم کی وجہ سے اس پیش کش کو ٹھوکر مار دی تھی لیکن انٹرویو کے دوران انہوں نے اواتار کے 10 فی صد منافع سے محرومی پر پچھتاوے کا اظہار بھی کیا ہے ۔
اواتار اب تک دنیا کی سب سے زیادہ بزنس کرنے والی فلم ہے ، جس نے باکس آفس پر 2 ارب 90 کروڑ ڈالرز سے بھی زیادہ کمائی کی ہے ۔
اگر میٹ ڈیمن وہ پیشکش مسترد نہ کرتے تو پھر ان کو 27 کروڑ ڈالرز کمانے کا موقع مل جاتا جو فلم کے بجٹ سے بھی کہیں زیادہ ہے۔
اس فلم کی تیاری پر تقریباً 23 کروڑ 70 لاکھ ڈالرز خرچ ہوئے تھے۔