لاہور: ( ہم دوست نیوز ) پاکستان کے معروف و مشہور اداکار عمیر جسوال نے قومی کرکٹ ٹیم کے تیز ترین سابق باؤلر شعیب اختر کی زندگی پر بنائی جانے والی فلم ’’ راولپنڈی ایکسپریس ‘‘ سے علیحدگی اختیار کر لی ہے ۔
سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر اپنے ایک پیغام میں اداکار عمیر جسوال نے ’’ راولپنڈی ایکسپریس ‘‘ سے علیحدگی اختیار کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’ تخلیقی اور ذاتی وجوہات کی بنیاد پر میں نے شعیب اختر کی بائیوپک پروجیکٹ سے الگ ہونے کا فیصلہ کر لیا ہے ‘‘۔
اداکار کا اپنے انسٹاگرام پیغام میں مزید کہنا تھا کہ ’’ میں اب اس پروجیکٹ سے متعلق کسی بھی قسم کی خبر سے وابستہ نہیں رہوں گا ‘‘۔
واضح رہے کہ جولائی 2022ء میں کرکٹر شعیب اختر نے اپنی زندگی پر فلم ’’ راولپنڈی ایکسپریس ‘‘ بننے کی تصدیق کی تھی جب کہ نومبر میں معروف اداکار عمیر جسوال نے فلم میں شعیب اختر کا کردار ادا کرنے کا اعلان کیا تھا ۔