ہوا محل جے پور (بھارت ) میں واقع ایک محل ہے۔ یہ محل سرخ اور گلابی سینڈ اسٹون کا بنا ہوا ہے۔ یہ محل 1799ء میں سوائی پرتاپ سنگھ کے زمانہ میں بن کر تیار ہوا تھا ۔ یہ مہاراجا پرتاپ سنگھ کھتری محل سے اس قدر متاثر تھا کہ اس مہاراجا نے بھی ایک یادگار عمارت بنانے کا فیصلہ کر لیا ۔ اس محل کو استاد لال چند نے ڈیزائن کیا تھا۔ اس محل کی خاص بات اس کی تمام منزلوں پر بنی چھوٹی چھوٹی کھڑکیاں ہیں ۔ ان کھڑکیوں کو جھروکا کہا جاتا ہے ۔
ان کھڑکیوں میں ایسی نقش نگاری کی گئی ہے کہ ان میں بےشمار اور لا تعداد سوراخ ہیں ۔ جن سے ہر وقت ہوائیں اندر آتی رہتی ہیں ۔ موسم گرما میں بھی اس محل کا درجہ حرارت معتدل رہتا ہے۔ ہوا محل کا سامنے سے نظر آنے والا حصہ دراصل اس کے عقب کا حصہ ہے ۔ جب کہ اس محل کا دروازہ دوسری جانب لگا ہوا ہے۔
2006ء میں اس ہوا محل کی دوبارہ تزئین و آرائش کی گئی تھی ۔ اس تزئین و آرائش کا کل خرچ 4.568 ملین روپے آیا تھا۔ اس محل کی پانچوں منزلیں اہرامی شکل کی ہیں ۔ ان کی کل اونچائی 50 فٹ ہے۔اوپر کی 3 منزلیں محض ایک کمرے کے برابر ہیں جب کہ محل کی نیچے کی 2 منزلوں کے سامنے انتہائی وسیع برآمدے ہیں۔
استاد لال چند عظیم ماہر تعمیرات تھے ۔ انہوں نے ہی ہوا محل کو ایک منفرد شکل دی تھی اور اسے سرخ اور گلابی پتھروں سے بنایا تھا ۔ ہوا محل راجپوت فن تعمیر اور اسلامی فن تعمیر اور مغلیہ طرز تعمیر کا ایک بہترین اور شاندار نمونہ ہے ۔ محل کے صحن میں آثار قدیمہ کا ایک میوزیم بھی موجود ہے۔
یہ بھی پڑھیں
وان جھیل اور تین ہزار سال پرانا قلعہ
“ہوا محل” ایک تبصرہ