دبئی کی حیرت انگیز تعمیرات میں اس سال جون میں ایک اور بھی عمارت کا اضافہ ہوا ہے۔ یہ محمد بن راشد لائبریری ہے جس کو کتابی صورت میں تعمیر کیا گیا ہے ۔ اس 7 منزلہ لائبریری پر ایک ارب درہم خرچ کئے گئے ہیں۔
54 ہزار مربع فٹ وسیع اس لائبریری میں گیارہ لاکھ کاغذی اور ڈجیٹل کتب موجود ہیں جب کہ اس کی عمارت باہر سے ایک کھلی کتاب کی طرح نظر آتی ہے۔
لائبریری میں ہر طرح کے موضوعات پر انتہائی قیمتی اور نایاب کتابیں، رسائل و جرائد بھی موجود ہیں۔ اس طرح اس ایک لائبریری میں کل 9 کتب خانے سموئے ہوئے ہیں۔ ان سب کے باوجود لائبریری میں داخلہ بالکل مفت ہے ۔ بچوں کے لیے لائبریری میں ڈجیٹل اور اصل کتابوں کا ایک مکمل فلور بھی بنایا گیا ہے۔
لائبریری میں سینکڑوں سال قدیم 5000 سے زائد کتب اور رسائل و جرائد موجود ہیں جو خطے کی تاریخ اور تمدن کو ظاہر کرتے ہیں۔ سب سے نچلی منزل پر 5 سے 11 سال تک کے بچوں کی لائبریری قائم کی گئی ہے ، جہاں آئی پیڈ بھی مفت استعمال کئے جاسکتے ہیں ۔ اس لائبریری میں کئی انسان نما روبوٹ موجود ہیں جو اس سلسلے میں بچوں کی رہنمائی کرتے ہیں۔
لائبریری میں تیزرفتار سہولت کے لیے آپ کتاب ایپ سے بھی آرڈر کر سکتے ہیں اور کتاب کی درخواست کے ساتھ ہی پانچ انتہائی تیز رفتار روبوٹس میں سے ایک روبوٹ تیزی سے اپنا کام شروع کرتےہیں اور مطلوبہ کتاب لے کر ایک کریٹ میں ڈال دیتے ہیں جو خاص پٹڑیوں پر پھسل کر پڑھنے والے تک پہنچ جاتی ہے۔
دبئی اور متحدہ قومی امارات کے تاریخی نقشے، کتب اور دیگر مسودے بھی اس لائبریری میں موجود ہیں ۔ جو کتب خانے کو عجائب خانہ بھی بنا دیتے ہیں۔ ان سب سہولیات کے باوجود یہ لائبریری ابھی بھی زیرِ تعمیر ہے اور اسٹور میں رکھی ہوئی ہزاروں کتابیں جلد اس لائبریری میں لائی جائیں گی ۔